اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ایک عقیدہ آخرت پر ایمان ہے ۔یہ ایمان کا پانچواں رکن ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اس بات پر یقین رکھیں کہ ایک دن قیامت برپا ہوگی تمام انسانوں کو دوبارہ زندہ کیا جائیگا اور ان کے اعمال کا حساب و کتاب ہوگا۔
اس دن صالحین کو جنت کی دائمی نعمتیں اور بدکاروں کو ان کے اعمال کی سزا ملے گی ۔
آخرت : انصاف کی تکمیل
عقیدۂ آخرت ، انسان کو اس دنیا کے بعد کی زندگی کی حقیقت سے روشناس کراتا ہے۔
یہ عقیدہ نہ صرف مذہبی اعتبار سے بلکہ عقلی و منطقی لحاظ سے بھی ایک مستحکم حقیقت ہے۔
دنیا میں ہم دیکھتے ہیں کہ اکثر ظالموں کو ان کے ظلم کی مکمل سزا نہیں مل پاتی ہے اور دنیا میں مکمل سزا ، ممکن بھی نہیں ہے۔ کیونکہ کئی لوگوں کے قاتل کو کئی بار قتل کیا جانا ممکن نہیں ہے؟
اسی طرح ہر نیکوکار کو اس کی نیکی کا مکمل بدلہ ملنا بھی مشکل ہے ۔
اگر مرنے کے بعد کوئی زندگی نہ ہو تو عدل و انصاف کا تقاضا ادھورا رہ جائے گا۔
لہٰذا، آخرت پر ایمان اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہر شخص کو اس کے اعمال کا پورا بدلہ ملے گا۔
فطرت انسانی کا تقاضا بھی یہی ہے ۔
کیوں کہ ہر انسان کے دل میں ایک فطری احساس موجود ہے کہ اچھے کاموں پر جزا اور برے کاموں پر سزا ہونی چاہیے۔
اگر یہ جزا و سزا صرف دنیا تک محدود رہے گی تو انصاف مکمل نہیں ہو سکے گا ، لہٰذا آخرت کا تصور انسانی فطرت کے اس بنیادی احساس کی تکمیل کرتا ہے۔
اگر موت کے بعد کوئی زندگی نہ ہو تو یہ دنیا ایک بے مقصد کھیل معلوم ہوتی ہے۔
لیکن آخرت پر ایمان ہمیں ایک اعلیٰ مقصد عطا کرتا ہے، جہاں ہر عمل کی قدر و قیمت ہے اور ہر اچھے عمل کا صلہ ملنے والا ہے۔
یہ عقیدہ انسان کو بے راہ روی سے بچا کر نیکی کی طرف راغب کرتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انبیاء کرام علیھم السلام کے ذریعے آخرت کی خبر دی۔
قرآن مجید اور دیگر تمام آسمانی کتابیں اس حقیقت کی تائید کرتی ہیں کہ ایک دن ایسا آئے گا جب تمام انسانوں کو ان کے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔
آخرت پر ایمان کی اہمیت
جب انسان کو یہ یقین ہوتا ہے کہ مرنے کے بعد اسے اپنے ہر قول و فعل کا حساب دینا ہے، تو وہ راہِ راست پر چلنے کی کوشش کرتا ہے۔
یہ عقیدہ اسے خیانت، ظلم اور بددیانتی سے روکتا ہے اور نیکی، دیانت داری اور تقویٰ کی راہ دکھاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔
وَمَن يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَرَهُ وَمَن يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا يَرَهُ ( الزلزال: 7-8)
جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی، وہ اسے دیکھ لے گا، اور جس نے ذرہ برابر برائی کی ہوگی، وہ اسے بھی دیکھ لے گا۔
عدل و انصاف کا قیام
دنیا میں انصاف کی تلاش میں کئی دل ٹوٹتے ہیں، کئی آنکھیں اشک بار ہوتی ہیں، اور کئی حق دار اپنے حقوق سے محروم رہ جاتے ہیں۔ مگر ایک دن ایسا آئے گا جب نہ کوئی ظلم ہوگا، نہ کسی کی فریاد دبائی جائے گی، نہ کسی بے گناہ پر الزام لگے گا ۔ وہ دن، جب عدل اپنی کامل ترین صورت میں جلوہ گر ہوگا۔
یہ قیامت کا دن ہوگا، جب ہر انسان اپنے اعمال کے ساتھ عدالت میں پیش ہوگا۔ وہاں کوئی جاہ و منصب، کوئی مال و دولت، کوئی دنیاوی سفارش کام نہ آئے گی۔ صرف سچ کا پلڑا جھکے گا اور ہر انسان کو اس کے عمل کے مطابق پورا بدلہ ملے گا۔
ظالم کا ہاتھ روکا جائے گا، مظلوم کی فریاد سنی جائے گی، اور سب سے بڑھ کر، عدل وہی ہوگا جو اللہ تعالیٰ کی میزان میں ہوگا۔
ایسا عدل جس میں کوئی کمی یا زیادتی نہیں۔
یہی وہ دن ہے جس کے بارے میں دنیا کے منصفین کو بھی خبر دار کیا گیا تھا، اور جس کا یقین ہر مومن کے دل میں زندہ رہنا چاہیے۔ کیونکہ دنیا کے فیصلے کچھ بھی ہوں، اصل فیصلہ تو اُس دن ہوگا، جب عدل کا میزان حقیقی معنوں میں قائم ہوگا!
: اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں
وَنَضَعُ الْمَوَازِينَ الْقِسْطَ لِيَوْمِ الْقِيَامَةِ فَلَا تُظْلَمُ نَفْسٌ شَيْئًا (الأنبیاء: 47)
اور قیامت کے دن ہم عدل کے ترازو رکھیں گے پس کسی پر ذرہ برابر ظلم نہیں کیا جائے گا۔
یہ عقیدہ انسان کو اس دنیا میں عدل و انصاف پر قائم رہنے کی ترغیب دیتا ہے کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ حقیقی انصاف اللہ تعالیٰ کی عدالت میں ہونا ہے ۔
اخلاقی تربیت اور معاشرتی نظام
آخرت پر ایمان رکھنے والا انسان بہتر اخلاق کا حامل ہوتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اگر دنیا میں اس کے برے اعمال پوشیدہ بھی رہ گئے تو آخرت میں وہ ضرور سامنے آئیں گے۔
یہی سوچ اور اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا خوف اسے معاشرتی انصاف، دیانت داری اور نیکی کی فضا کو فروغ دینے پر مجبور کرتا ہے، جس سے ایک منصفانہ اور پرامن معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔
ابدی سفر کا پہلا زینہ
زندگی کے ہنگاموں میں کھوئے انسان کو شاید ہی کبھی یہ احساس ہوتا ہے کہ ہر قدم، ہر لمحہ اسے ایک ایسی دنیا کی طرف لیے جا رہا ہے جہاں کا پہلا دروازہ قبر ہے۔
یہ نرم مٹی کی وہ آغوش ہے جہاں ہر شان و شوکت ماند پڑ جاتی ہے
ہر آواز خاموش ہو جاتی ہے، اور ہر تعلق ٹوٹ جاتا ہے۔
یہ وہ دروازہ ہے جس کے اس پار نہ دنیا کا شور ہے، نہ رشتوں کی ہمدردی، نہ کوئی چمکتا سکہ، نہ کوئی سونے کا تاج ۔
بس اعمال کی روشنی یا گناہوں کی تاریکی ساتھ جاتی ہے۔
یہاں سوال ہوں گے، جواب طلب کیے جائیں گے اور پھر یا تو ایک نرم بستر نصیب ہوگا جہاں سے جنت کی کھڑکیاں کھلیں گی، یا پھر ایسا گڑھا جہاں خوف کے سائے دائمی ساتھی ہوں گے۔
یہ پہلا زینہ ہے، مگر فیصلہ کن
اگر یہاں روشنی ملی تو آگے روشنی ہی روشنی، اور اگر یہاں اندھیرا چھا گیا تو آگے بھی فقط اندھیرا۔
آج وقت ہے سنوارنے کا، کل صرف حساب ہوگا
نبی کریم ﷺ نے فرمایا
إِنَّ الْقَبْرَ أَوَّلُ مَنَازِلِ الْآخِرَةِ، فَإِنْ نَجَا مِنْهُ فَمَا بَعْدَهُ أَيْسَرُ مِنْهُ، وَإِنْ لَمْ يَنْجُ مِنْهُ فَمَا بَعْدَهُ أَشَدُّ مِنْهُ (ترمذی، ابن ماجہ)
قبر آخرت کی پہلی منزل ہے، اگر کوئی اس میں کامیاب ہو گیا تو اس کے بعد کے مراحل آسان ہوں گے، اور اگر وہ اس میں ناکام ہوا تو آگے کے مراحل اور زیادہ سخت ہوں گے۔
: اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں
حَتَّىٰ إِذَا جَاءَ أَحَدَهُمُ الْمَوْتُ قَالَ رَبِّ ارْجِعُونِ۔ لَعَلِّي أَعْمَلُ صَالِحًا فِيمَا تَرَكْتُ ۚكَلَّا ۚ إِنَّهَا كَلِمَةٌ هُوَ قَائِلُهَا ۖ وَمِن وَرَائِهِم بَرْزَخٌ إِلَىٰ يَوْمِ يُبْعَثُونَ۔ (مؤمنون)
جب کسی کو موت آنے لگتی ہے تو کہتا ہے اے میرے پروردگار! مجھے (دنیا میں) واپس لوٹا دیجئے تاکہ اپنی چھوڑی ہوئی دنیا میں جا کر نیک اعمال کر لوں، (جب کہ اب انہیں ہرگز موقع نہیں ملے گا ) یہ تو محض ان کی ایک بات ہے ، ان کے پس پشت تو ایک برزخ (حجاب) ہے، انہیں دوبارہ اٹھائے جانے کے دن تک رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا
إِنَّ الْقَبْرَ إِمَّا رَوْضَةٌ مِنْ رِيَاضِ الْجَنَّةِ، أَوْ حُفْرَةٌ مِنْ حُفَرِ النَّارِ (سنن ترمذی، مسند احمد)
بے شک قبر یا تو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے یا جہنم کے گڑھوں میں سے ایک گڑھا ہے۔
اللہ رب العزت عذاب قبر کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں
النَّارُ يُعْرَضُونَ عَلَيْهَا غُدُوًّا وَعَشِيًّا وَيَوْمَ تَقُومُ السَّاعَةُ أَدْخِلُوا آلَ فِرْعَوْنَ أَشَدَّ الْعَذَابِ(غافر: 46)
آگ ہے جس پر وہ ( فرعون و آل فرعون ) صبح و شام پیش کیے جاتے ہیں، اور جس دن قیامت قائم ہوگی (حکم دیا جائے گا کہ) فرعون والوں کو سخت ترین عذاب میں داخل کر دو۔”
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں ۔
إِذَا مَاتَ أَحَدُكُمْ فَإِنَّهُ يُعْرَضُ عَلَيْهِ مَقْعَدُهُ بِالْغَدَاةِ وَالْعَشِيِّ فَإِنْ كَانَ مِنْ أَهْلِ الْجَنَّةِ فَمِنْ أَهْلِ الْجَنَّةِ وَإِنْ كَانَ مِنْ أَهْلِ النَّارِ فَمِنْ أَهْلِ النَّارِ
(بخاري ومسلم)
عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی فوت ہو جاتا ہے تو صبح و شام اس کے سامنے اس کا ٹھکانہ پیش کیا جاتا ہے، اگر وہ جنتی ہے تو جنت میں اس کا مقام، اور اگر وہ جہنمی ہے تو جہنم میں اس کا مقام (دکھایا جاتا ہے)۔
(بخاری، مسلم)
خاموش تنہائی میں
گونجتے سوالات
رات کی تاریکی جیسی تنہائی، مٹی کی چادر اوڑھے ایک انجانی دنیا، جہاں نہ کوئی ہمراز ہوگا، نہ کوئی دل جوئی کرنے والا۔
دنیا کے سارے رشتے پیچھے رہ جائیں گے، صرف اعمال ہمسفر ہوں گے۔
اور پھر، اچانک خاموشی کو چیرتے ہوئے سوالات کی گونج سنائی دے گی
“تیرا رب کون ہے؟”▪️
وہی رب، جس نے ہر لمحہ رزق دیا، جس نے گناہوں کے باوجود پردہ ڈالے رکھا، جس کی رحمت ہر خطا پر حاوی رہی۔
کیا زبان اس کا نام لے سکے گی؟
“تیرا دین کیا ہے؟”▪️
وہ دین جو صرف کاغذوں میں درج تھا، یا وہ دین جو دل کی روشنی اور عمل کی صورت میں زندگی کا حصہ بنا؟
“تیرے نبی کون ہیں؟”▪️
وہ نبی ﷺ، جن کا نام لبوں پر تھا مگر سنتوں کو فراموش کر دیا؟ یا وہ نبی ﷺ، جن کی محبت دل میں اتری اور عمل میں ڈھل گئی؟
جواب مناسب رہا تو ایک سوال اور ہوگا کہ نصاب تعلیم کیا تھا ؟
ایمان کہاں سے سیکھا ؟
یہ سوالات نہ صرف لبوں، بلکہ اعمال سے بھی جواب مانگیں گے۔
اگر زندگی میں ایمان دل کی گہرائیوں میں اترا ہو، تو قبر بھی جنت کی کھڑکی بن جائے گی۔
لیکن اگر جواب رک گئے، تو قبر ایک تنگ و تاریک گڑھا بن جائے گی۔
یہ سوال ہر ایک سے ہونے ہیں اور ان کے جوابات آج ہی سنوارنے ہیں، اس سے پہلے کہ وقت کی مہر لگ جائے اور زبان خاموش ہو جائے
حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا
يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآخِرَةِ (سورۃ ابراہیم: 27)
اللہ تعالیٰ ایمان والوں کو دنیا اور آخرت کی زندگی میں سچی بات پر ثابت قدم رکھتے ہیں اور ظالموں کو گمراہ رہنے دیتے ہیں، اور اللہ تعالیٰ جو چاہتے ہیں کرتے ہیں۔
: پھر آپ ﷺ نے فرمایا
إِذَا أُقْعِدَ الْمُؤْمِنُ فِي قَبْرِهِ أُتِيَ فَيُشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ، فَذَاكَ قَوْلُهُ: يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ، وَيَأْتِيهِ الْمَلَكَانِ فَيَقُولَانِ لَهُ: مَنْ رَبُّكَ؟ فَيَقُولُ: رَبِّيَ اللَّهُ، فَيَقُولَانِ: مَا دِينُكَ؟ فَيَقُولُ: دِينِيَ الْإِسْلَامُ، فَيَقُولَانِ: مَا هَذَا الرَّجُلُ الَّذِي بُعِثَ فِيكُمْ؟ فَيَقُولُ: هُوَ رَسُولُ اللَّهِ، فَيَقُولَانِ: وَمَا يُدْرِيكَ؟ فَيَقُولُ: قَرَأْتُ كِتَابَ اللَّهِ فَآمَنْتُ بِهِ وَصَدَّقْتُ
جب مومن کو قبر میں بٹھایا جاتا ہے، تو اس کے پاس فرشتے آتے ہیں اور اس سے سوال کرتے ہیں
مَنْ رَبُّكَ؟▪️
(تیرا رب کون ہے؟)
وہ کہتا ہے:رَبِّيَ اللَّهُ▪️
(میرا رب اللہ ہے)
:دوسرا سوال کرتے ہیں
مَا دِينُكَ؟▪️
(تیرا دین کیا ہے؟)
وہ کہتا ہے: دِينِيَ الْإِسْلَامُ▪️
(میرا دین اسلام ہے)
پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں پوچھتے ہیں ۔
مَا هَذَا الرَّجُلُ الَّذِي بُعِثَ فِيكُمْ؟▪️
(یہ شخص کون ہے جو تم میں بھیجا گیا تھا؟)
وہ کہتا ہے: هُوَ رَسُولُ اللَّهِ▪️
(وہ اللہ کے رسول ﷺ ہیں)
پھر فرشتے پوچھتے ہیں▪️
وَمَا يُدْرِيكَ ؟
“تمہیں کیسے معلوم ہوا؟”
: وہ کہتا ہے▪️
قَرَأْتُ كِتَابَ اللَّهِ فَآمَنْتُ بِهِ وَصَدَّقْت
میں نے اللہ تعالی کی کتاب (قرآن کریم) پڑھی، اس پر ایمان لایا اور اس کی تصدیق کی
لیکن جو کافر اور منافق ہوگا، وہ کہے گا
هَاهْ هَاهْ! لَا أَدْرِي سَمِعْتُ النَّاسَ يَقُولُونَ شَيْئًا فَقُلْتُهُ
ہا ہا مجھے کچھ معلوم نہیں، میں نے لوگوں کو کچھ کہتے سنا اور میں نے بھی کہہ دیا۔
(مسند أحمد ، سنن ابن ماجه، سنن أبي داود)
: نبی کریم ﷺ نے فرمایا
إِنَّ هَذِهِ الْأُمَّةَ تُبْتَلَى فِي قُبُورِهَا، فَلَوْلَا أَنْ لَا تَدَافَنُوا لَدَعَوْتُ اللَّهَ أَنْ يُسْمِعَكُمْ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ الَّذِي أَسْمَعُ مِنْهُ (مسلم)
یہ امت اپنی قبروں میں آزمائی جائے گی، اگر یہ نہ ہوتا کہ تم ایک دوسرے کو دفن کرنا چھوڑ دو گے، تو میں دعا کرتا کہ اللہ تمہیں وہ عذاب قبر سنوا دے جو میں سنتا ہوں۔
صور : قیامت کی گونج
دنیا اپنی رونق میں مگن ہے، انسان اپنے خوابوں میں کھویا ہوا ہے، مگر ایک دن ایسا آئے گا جب اچانک سب کچھ رک جائے گا۔ وہ دن جب اللہ تعالٰی کے حکم سے اسرافیل علیہ السلام صور پھونکیں گے۔
اور کائنات کی ہر شے فنا ہو جائے گی۔ پہاڑ دھنی ہوئی روئی کی مانند اڑیں گے، سمندر بھڑک اٹھیں گے، اور زمین اپنے راز اُگل دے گی۔
یہ پہلا صور ہوگا، جس کے ساتھ ہر جاندار موت کی آغوش میں چلا جائے گا۔ پھر وقت کی گھڑیاں تھم جائیں گی، یہاں تک کہ دوسرا صور پھونکا جائے گا، اور تمام انسان دوبارہ زندہ کر دیے جائیں گے
حساب کے لیے، جزا و سزا کے فیصلے کے لیے۔
یہ ایک ایسی حقیقت ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ صور کی آواز جب بلند ہوگی، تو کوئی پناہ نہیں ملے گی، سوائے ان کے جو دنیا میں آخرت کے لیے تیاری کر چکے ہوں گے۔
آج کا دن تیاری کا ہے، کل صرف حساب ہوگا
: اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں
وَنُفِخَ فِي الصُّورِ فَصَعِقَ مَنْ فِي السَّمَاوَاتِ وَمَنْ فِي الْأَرْضِ إِلَّا مَنْ شَاءَ اللَّهُ، ثُمَّ نُفِخَ فِيهِ أُخْرَى فَإِذَا هُمْ قِيَامٌ يَنْظُرُونَ (الزمر: 68)
اور صور میں پھونکا جائے گا تو جو بھی آسمانوں اور زمین میں ہیں وہ بے ہوش ہو جائیں گے، سوائے ان کے جنہیں اللہ تعالیٰ چاہیں۔ پھر اس میں دوبارہ پھونکا جائے گا تو وہ فوراً کھڑے ہو کر دیکھنے لگیں گے۔
: نبی کریم ﷺ نے فرمایا
كَيْفَ أَنْعَمُ وَقَدِ الْتَقَمَ صَاحِبُ الْقَرْنِ الْقَرْنَ وَحَنَى جَبْهَتَهُ، يَسْتَمِعُ مَتَى يُؤْمَرُ بِالنَّفْخِ فَيَنْفُخُ (مسند احمد)
میں کیسے خوش رہ سکتا ہوں جبکہ صور پھونکنے والا فرشتہ صور کو منہ میں لے چکا ہے، اور اپنا ماتھا جھکائے ہوئے حکم کا منتظر ہے کہ کب اسے پھونکنے کا حکم دیا جائے۔
بعث بعد الموت
-جب زندگی پھر لوٹے گی
موت، جسے انسان ہمیشہ انجام سمجھتا ہے درحقیقت ایک نئے سفر کی ابتداء ہے۔ یہ وہ دروازہ ہے جس کے پار ایک ایسی زندگی منتظر ہے، جو نہ ختم ہوگی، نہ ماند پڑے گی۔ دنیا کی نیند ختم ہوگی، اور ابدی بیداری کا وقت آن پہنچے گا
جب صور پھونکا جائے گا، اور ہر زندہ خاک میں مل چکا ہوگا۔
پھر زمین اپنے راز واپس لوٹائے گی، قبریں کھلیں گی، اور ہر نفس دوبارہ زندہ کر دیا جائے گا۔ کچھ چہرے نور میں دمک رہے ہوں گے، اور کچھ شرمندگی اور خوف کے سائے میں لرز رہے ہوں گے۔ اعمال کا دفتر کھلے گا، میزان نصب ہوگا، اور ہر ذرے کا حساب ہوگا۔ وہ جو دنیا میں آخرت کو فراموش کر بیٹھے ہیں، حسرت سے ہاتھ ملیں گے، اور وہ جو ایمان اور عملِ صالح کے چراغ جلائے رہے، رحمت کی چھاؤں میں داخل ہوں گے۔
بعث بعد الموت ایک انکار نہ کی جا سکنے والی حقیقت ہے، جو ہر انسان کے انتظار میں ہے۔ یہ زندگی ایک پل کی مانند ہے، اور موت صرف ایک دروازہ۔
اصل قیام تو اس جہاں میں ہے، جہاں ہر چیز ہمیشہ کے لیے باقی رہے گی
: اللہ تعالی ارشاد فرماتے ہیں
وَأَنَّ اللَّـهَ يَبْعَثُ مَن فِي الْقُبُورِ ۔ (الحج)
اور بے شک اللہ تعالیٰ ان لوگوں کوجو قبروں میں ہیں (قیامت کے دن)اٹھائیں گے
سورہ بقرہ میں ہے ۔
: اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں
كَيْفَ تَكْفُرُونَ بِاللَّهِ وَكُنتُمْ أَمْوَاتًا فَأَحْيَاكُمْ، ثُمَّ يُمِيتُكُمْ ثُمَّ يُحْيِيكُمْ ثُمَّ إِلَيْهِ.تُرْجَعُونَ
(البقرہ: 28)
تم اللہ تعالیٰ کے ساتھ کیسے کفر کرسکتے ہو؟ حالانکہ تم بے جان تھے، تمہیں زندگی عطا کی ، پھر وہ تمہیں موت دیں گے ، اور پھر تمہیں دوبارہ زندہ کریں گے ، پھر تم اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔
: نبی کریم ﷺ نے فرمایا
يُحْشَرُ النَّاسُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ حُفَاةً، عُرَاةً، غُرْلًا (بخاری ، مسلم)
قیامت کے دن لوگ ننگے پاؤں، ننگے بدن اور بغیر ختنہ کیے ہوئے اٹھائے جائیں گے۔
میزان پر پیشی
وقت کی سوئی جب اپنی آخری گردش پوری کر لے گی ۔جب سورج سوا نیزے پر ہوگا اور انسان پسینے میں ڈوبا ہوگا
تب وہ لمحہ آئے گا، جس سے کوئی نہ بچ سکے گا
میزان پر پیشی
یہاں کوئی سکہ نہیں چلے گا، کوئی حیلہ کام آئے نہیں گا، کوئی زُبان صفائی نہ دے سکے گی ۔۔۔۔۔
بس اعمال ہوں گے اور ترازو!۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک پلڑے میں نیکیوں کا نور ہوگا
اور دوسرے میں گناہوں کا بوجھ۔
یہاں وہ سجدے گواہی دیں گے جو رات کی تنہائی میں کیے گئے
وہ قطرے چمکیں گے جو توبہ کے آنسو بن کر بہے
وہ صدقہ جھلملائے گا جو کسی ضرورت مند کے ہاتھ میں دیا گیا۔
لیکن وہ بھی آئیں گے جن کے ہاتھ خالی ہوں گے جن کی گٹھری میں دنیا کی محبت تو تھی مگر نیکیاں نہ تھیں، جنہوں نے وقت کو ضائع کیا اور گناہوں کے بوجھ کو ہلکا سمجھا۔
ترازو جھکے گا اور فیصلہ سنایا جائے گا۔
یہ کامیاب ہوا یا پھر، “یہ خسارے میں پڑ گیا
یہ وہ دن ہے جس کی تیاری آج ممکن ہے ورنہ کل ترازو تولے گا، مگر ہاتھ کچھ بھی نہ تھام سکیں گے
: اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں
يَوْمَ نَحْشُرُهُم جَمِيعًا ثُمَّ نَقُولُ لِلَّذِينَ أَشْرَكُوا مَكَانَكُمْ أَنتُمْ وَشُرَكَاؤُكُمْ (یونس: 28)
جس دن ہم سب کو اکٹھا کریں گے، پھر مشرکوں سے کہیں گے: اپنی جگہ کھڑے ہو جاؤ تم اور تمہارے شریک۔
: نبی کریم ﷺ نے فرمایا
إِنَّ الشَّمْسَ تَدْنُو يَوْمَ الْقِيَامَةِ حَتَّى يَبْلُغَ الْعَرَقُ نِصْفَ الْأُذُنِ
(مسلم)
قیامت کے دن سورج قریب آ جائے گا، یہاں تک کہ پسینہ آدھے کان تک پہنچ جائے گا۔
: اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں
فَأَمَّا مَنْ أُوتِيَ كِتَابَهُ بِيَمِينِهِ، فَسَوْفَ يُحَاسَبُ حِسَابًا يَسِيرًا (الانشقاق: 7-8)
جس کو اس کا نامہ اعمال اس کے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا، تو اس سے آسان حساب لیا جائے گا۔
: نبی کریم ﷺ: فرماتے ہیں
لَا تَزُولُ قَدَمَا عَبْدٍ يَوْمَ الْقِيَامَةِ حَتَّى يُسْأَلَ عَنْ أَرْبَعٍ: عَنْ عُمْرِهِ فِيمَا أَفْنَاهُ، وَعَنْ عِلْمِهِ مَاذَا عَمِلَ فِيهِ، وَعَنْ مَالِهِ مِنْ أَيْنَ اكْتَسَبَهُ وَفِيمَا أَنْفَقَهُ، وَعَنْ جِسْمِهِ فِيمَا أَبْلَاهُ.(سنن ترمذي، سنن الدارمی)
قیامت کے دن کسی بندے کے قدم اس وقت تک نہیں ہٹیں گے جب تک اس سے چار چیزوں کے بارے میں سوال نہ کر لیا جائے
عمر کہاں گزاری؟▪️
علم پر کہاں تک عمل کیا؟▪️
مال کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا؟▪️
جسم کہاں برباد کیا؟▪️
: اور آپ ﷺ نے فرمایا کہ
إِنَّ أَوَّلَ مَا يُحَاسَبُ بِهِ الْعَبْدُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مِنْ عَمَلِهِ صَلَاتُهُ” (سنن ترمذی)
قیامت کے دن سب سے پہلے بندے کے اعمال میں سے نماز کا حساب لیا جائے گا۔
جنت و جہنم کا ابدی فیصلہ
!دنیا فریب ہے، مگر انجام حقیقت
ایک دن عدالت لگے گی، اعمال کے دفتر کھلیں گے، اور ہر انسان اپنے کیے کا بدلہ پائے گا، پھر یا تو جنت کا دروازہ کھلے گا، یا جہنم کی آگ لپک اٹھے گی۔
جنت، جہاں نہ کوئی غم، نہ ملال، بس سکون، راحت اور دائمی مسکراہٹیں۔ اور جہنم، جہاں چیخ و پکار بے اثر ہوگی، آنکھیں حسرت سے نم ہوں گی، مگر کوئی بچانے والا نہ ہوگا۔
وہ لمحہ قریب ہے جب مہلت ختم ہوجائیگی اور فیصلہ ہمیشہ کے لیے ثبت ہو جائے گا۔
! آج راستہ چن لو، کیونکہ کل صرف انجام باقی رہے گا
: اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں
فَرِيقٌ فِي الْجَنَّةِ وَفَرِيقٌ فِي السَّعِيرِ (الشوریٰ: 7)
ایک گروہ جنت میں ہوگا اور ایک گروہ جہنم میں۔
: نبی کریم ﷺ نے فرمایا
يُقَالُ لِأَهْلِ الْجَنَّةِ: يَا أَهْلَ الْجَنَّةِ، خُلُودٌ لَا مَوْتَ وَلِأَهْلِ النَّارِ: يَا أَهْلَ النَّارِ، خُلُودٌ لَا مَوْتَ (مسلم)
جنت والوں سے کہا جائے گا: اے جنت والو! تمہیں ہمیشہ رہنا ہے، کوئی موت نہیں۔ اور جہنم والوں سے کہا جائے گا: اے جہنم والو! تم ہمیشہ رہو گے، اب موت نہیں آئے گی
اللَّهُمَّ أَجِرْنَا مِنَ النَّارِ، اللَّهُمَّ اجْعَلْنَا مِنْ عِبَادِكَ الصَّالِحِينَ، وَأَدْخِلْنَا جَنَّاتِكَ بِرَحْمَتِكَ، وَنَجِّنَا مِنْ عَذَابِكَ يَا رَحْمَٰنُ يَا رَحِيمُ۔
آمین